کھاریاں میں منافع خوروں کی من مانی؛ سرکاری نرخ نظرانداز، گھریلو گیس سلنڈر 4200 روپے میں فروخت ہونے لگا

کھاریاں ( طاہر اقبال سے) حکومتِ پاکستان کی جانب سے گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت 2800 روپے مقرر کیے جانے کے باوجود کھاریاں شہر اور اس کے گردونواح میں بعض دکانداروں نے سرکاری نرخوں کو یکسر نظرانداز کر دیا ہے اور مبینہ طور پر گیس سلنڈر 4200 روپے کی من مانی قیمت پر فروخت کر رہے ہیں۔ اس کھلی منافع خوری پر کھاریاں اور نواحی علاقوں کے شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔ اہل علاقہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے ہی مہنگائی کے اس دور میں غریب عوام کا جینا محال ہو چکا ہے، ایسے میں سرکاری نرخوں سے کہیں زیادہ قیمت وصول کرنا عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے اور ان کے ساتھ کھلی زیادتی کے مترادف ہے۔

شہریوں کا مزید کہنا تھا کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے گیس سلنڈرز کی اس غیر قانونی مہنگی فروخت کا فوری نوٹس لیں اور گراں فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر اور ضلعی انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بازاروں میں باقاعدہ اور مؤثر چیکنگ کا نظام نافذ کیا جائے تاکہ غریب اور مڈل کلاس طبقے کو حکومت کی مقرر کردہ اصل قیمت پر گیس سلنڈر کی دستیابی ممکن ہو سکے اور عوام کو ان ناجائز منافع خوروں کے چنگل سے ہمیشہ کے لیے نجات دلائی جا سکے۔

Exit mobile version