وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے تہران میں شہید ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے تعزیتی اجتماع میں شرکت کی، جہاں انہوں نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، اسپیکر باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کر کے گہرے دکھ کا اظہار کیا اور شہید کے بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے شہید سپریم لیڈر کی بصیرت، حکمت اور دور اندیشی پر مبنی دہائیوں پر محیط قیادت کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ وزیر اعظم کی قیادت میں تہران پہنچنے والے پاکستان کے اعلیٰ سطح کے وفد میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ اور یوسف رضا گیلانی و ایاز صادق کی سربراہی میں پارلیمانی وفد شامل تھا۔ دورے کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر کی ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے الگ ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے شہید کی خدمات کو سراہا، جس کے بعد وہ وطن واپسی کے لیے روانہ ہو گئے جہاں ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور اعلیٰ سول و ملٹری حکام نے انہیں الوداع کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف ترکیے کے دورے پر روانہ ہو گئے۔
دوسری جانب شہید رہبرِ انقلاب کے جنازے سے متعلق قومی کمیٹی کے سیکریٹری علی اکبرپور جمشیدیان نے بتایا کہ تعزیتی اجتماع میں آج مختلف ممالک کے سربراہانِ مملکت اور اعلیٰ عہدے داران شہید آیت اللہ علی خامنہ ای کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق کل صبح 6 بجے عید گاہ امام خمینی کے دروازے عوام کے لیے کھول دیے جائیں گے جبکہ شہید سپریم لیڈر کی نمازِ جنازہ 5 جولائی کو ادا کی جائے گی۔ اس کے بعد 6 جولائی کو تہران میں ایک عظیم الشان جلوسِ جنازہ نکالا جائے گا جس میں اندرونِ ملک اور دنیا بھر سے لاکھوں سوگواروں کی شرکت متوقع ہے۔



