حکومتِ پاکستان نے عوام کو ریلیف فراہم کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا ہے، جس کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو چکا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 1 روپیہ 97 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 297 روپے 53 پیسے فی لیٹر مقرر ہو گئی ہے۔ اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 1 روپیہ 97 پیسے کی کمی لائی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 309 روپے 50 پیسے فی لیٹر کی سطح پر آ گئی ہے۔

قیمتوں میں اس کمی کے ساتھ ہی حکومت نے پیٹرولیم لیوی کی شرح میں بھی اہم ردوبدل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول پر عائد لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس سے پیٹرول پر لیوی 64 روپے 14 پیسے سے بڑھ کر 70 روپے 36 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اس کے برعکس، ڈیزل پر عائد لیوی میں 6 روپے 22 پیسے فی لیٹر کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل پر لیوی 77 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 70 روپے 82 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ مٹی کے تیل پر فی لیٹر لیوی کو 20 روپے 36 پیسے پر برقرار رکھا گیا ہے۔