جولائی 17, 2026

پاکستان نے معرکہ حق میں واضح عسکری اور سفارتی برتری حاصل کی، رافیل سمیت متعدد بھارتی طیارے تباہ ہوئے: برطانوی فرم پلے بک کی رپورٹ

برطانوی ریسرچ اینڈ کمیونیکیشن فرم "پلے بک” نے معرکہ حق سے متعلق اپنی ایک اہم تحقیقاتی رپورٹ جاری کی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان نے اس معرکے کے دوران عسکری اور سفارتی دونوں محاذوں پر مکمل برتری حاصل کی۔ برطانوی فرم کی رپورٹ کے مطابق، معرکہ حق کے دوران پاکستان نے عسکری میدان میں شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ رافیل طیاروں سمیت متعدد بھارتی جنگی طیارے تباہ ہوئے۔ اس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی اور فرانسیسی انٹیلیجنس حکام نے بھی بھارت کو ہونے والے ان بھاری نقصانات کی باقاعدہ توثیق کی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ بھارت کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف اور دفاعی اتاشی خود بھی معرکہ حق میں بھارتی نقصانات کا اعتراف کرچکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، سیٹلائٹ سے حاصل ہونے والی تصاویر اور دیگر ٹھوس شواہد بھی اس مؤقف کی مکمل تائید کرتے ہیں کہ اس پورے معرکے کے دوران پاکستان کا کوئی بھی جنگی طیارہ تباہ نہیں ہوا، بلکہ محدود وسائل کے باوجود پاکستان نے بھارت کے خلاف ایک واضح عسکری برتری قائم کر کے دکھائی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ معرکہ حق کے خاتمے کے بعد امریکہ سمیت دیگر اہم عالمی ممالک کے ساتھ پاکستان کے سفارتی تعلقات کے فروغ اور انہیں نئی بلندیوں پر لے جانے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے انتہائی کلیدی اور تاریخی کردار ادا کیا۔ اس سفارتی کامیابی نے عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا ہے۔