جولائی 17, 2026

میڈیکل سٹورز پر ممنوعہ ادویات کی ہرگز اجازت نہیں، کنٹرول میڈیسن کا مکمل ریکارڈ لازمی: ڈرگ انسپکٹر سرائے عالمگیر


سرائے عالمگیر(ڈاکٹر تصور حسین مرزا) ڈرگ انسپکٹر تحصیل سرائے عالمگیر ڈاکٹراختر علی نے کہا ہے کہ کسی بھی فارمیسی یا میڈیکل سٹور پر ممنوعہ ادویات رکھنے کی سختی سے ممانعت ہے اور کنٹرول میڈیسن کا ریکارڈ، بل اور وارنٹی کا ہونا لازمی ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتفاق پریس کلب کھاریاں کے صدر ہومیو ڈاکٹر تصور حسین مرزا سے ایک غیر رسمی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ڈرگ انسپکٹر ڈاکٹراختر علی کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب اور محکمہ صحت پنجاب کے اصولوں پر عملدرآمد ہر میڈیکل سٹور اور فارمیسی کے لیے لازمی ہے۔ کسی بھی قسم کے میڈیکل سٹور کو قانون کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادویات کو مینوفیکچرر کی ہدایات کے مطابق روم ٹمپریچر پر محفوظ رکھا جائے جبکہ زندگی بچانے والی ادویات، ویکسین اور انسولین وغیرہ کی سخت نگرانی کی جائے اور انہیں 24 گھنٹے فریج میں 2 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ پر رکھنا لازمی ہے۔ فریج کے ٹمپریچر کا روزانہ کا لاگ بھی مرتب کیا جائے۔

ڈرگ انسپکٹر نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل سٹورز کے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 کے تحت سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی