جولائی 17, 2026

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت تھانہ سٹی میں تفتیشی افسران کی اہم میٹنگ، چالان 14 روز میں عدالتوں میں جمع کرانے کا حکم

جہلم (محمد زاہد خورشید) ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیر صدارت تھانہ سٹی میں تفتیشی افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایس ڈی پی او سٹی سرکل، ایس ایچ او تھانہ سٹی اور تمام متعلقہ تفتیشی افسران نے شرکت کی۔ دوران میٹنگ تمام سرکلز کے دیرینہ زیر تفتیش مقدمات اور نامکمل چالانز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ان کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے حکمت عملی طے کی گئی۔

میٹنگ کے دوران ڈی پی او جہلم نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ سے قریبی رابطہ برقرار رکھا جائے تاکہ مقدمات کی بروقت یکسوئی اور عدالتوں میں ان کی ترسیل کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے ایس ڈی پی او کو سختی سے پابند کیا کہ وہ اس بات کی خود نگرانی کریں کہ تمام مقدمات کے چالان قانونی میعاد کے مطابق 14 روز کے اندر اندر عدالتوں میں موصول ہو جائیں تاکہ سائلین کو ریلیف مل سکے۔

انہوں نے مزید اصرار کیا کہ عوام الناس کو انصاف کی بروقت فراہمی کے لیے زیر تفتیش مقدمات کو جلد یکسو کرنے کے ساتھ ساتھ رپورٹ ہائے 173 ض ف کی بروقت عدالتوں میں ترسیل انتہائی ضروری ہے۔ ڈی پی او جہلم نے سپروائزری افسران کو حکم دیا کہ وہ تھانہ جات میں ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسران کے ساتھ باقاعدگی سے میٹنگز کریں، ریکارڈ کی تکمیل پر خصوصی توجہ دیں اور پینڈنگ روڈ سرٹیفکیٹس کی یکسوئی کو فوری طور پر یقینی بنائیں۔

شفیق احمد چوہدری نے واضح کیا کہ تمام تھانہ جات اور سرکل افسران کی کارکردگی کو روزانہ کی بنیاد پر خود مانیٹر کر رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ فرائض میں غفلت اور ناقص کارکردگی دکھانے والوں سے سخت بازپرس ہو گی، کیونکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انصاف کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔