جولائی 17, 2026

غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت برقرار: خیموں پر بمباری سے شیر خوار بچے اور ماں سمیت متعدد فلسطینی شہید، ترک صدر کا ردِعمل

غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں قابض اسرائیلی فورسز کی جانب سے بے گھر فلسطینیوں کا قتل عام مسلسل جاری ہے۔ عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق، صیہونی فورسز نے غزہ کے علاقے المواسی میں قائم خیموں میں سوئے ہوئے بے گھر افراد پر وحشیانہ بمباری کر دی، جس کے نتیجے میں ایک سال کے شیر خوار بچے اور 23 سالہ ماں سمیت 6 فلسطینی موقع پر ہی شہید اور درجنوں افراد زخمی ہو گئے۔ اس کے علاوہ، دیرالبلاح میں بھی اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 3 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس سے مظلوم فلسطینیوں کی مشکلات اور جانی نقصان میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔

دوسری جانب، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج کی پے در پے کارروائیاں جاری ہیں، جہاں راملہ میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کر کے ایک 15 سالہ لڑکے کو شہید کر دیا۔ اسی طرح مغربی کنارے کے ہی شہر البیرہ کے علاقے ام الشریط میں ایک چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 15 سالہ امیر احمد جواد جابر کو سر اور سینے میں گولیاں مار کر شہید کر دیا۔ اسرائیلی فورسز کی اس بڑھتی ہوئی جارحیت پر ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے سخت ردِعمل میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کی اصل وجہ مسئلہ فلسطین ہے، اور جب تک اسرائیل کی جانب سے فلسطینی زمینوں پر ناجائز قبضے کا سلسلہ ختم نہیں ہوگا، تب تک خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔