کھاریاں( قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے محرم الحرام کے دوران انجام دیے گئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم میٹنگ کی ہے۔ میٹنگ میں محرم الحرام کے دوران کیے گئے سیکیورٹی اقدامات، پولیس اہلکاروں کی کارکردگی اور ضلع بھر میں مجموعی امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ڈی پی او گجرات نے تمام متعلقہ افسران سے محرم ڈیوٹی کے حوالے سے فیلڈ کا فیڈ بیک حاصل کیا، اور ڈیوٹی کے دوران درپیش آنے والے امور اور تجربات کو غور سے سنا۔
میٹنگ کے دوران آئندہ آنے والے مذہبی و عوامی اجتماعات کے لیے مزید مؤثر حکمتِ عملی اور لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔ ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے امن و امان برقرار رکھنے پر تمام افسران اور جوانوں کی سخت محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو زبردست الفاظ میں سراہا۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ محرم الحرام کے دوران حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں آئندہ بھی سیکیورٹی اور پولیسنگ کے معیار کو مزید بہتر اور فول پروف بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔





