وینزویلا کا زلزلہ فٹبالر لوکاس تریخو کے لیے قیامت بن گیا: ملبے تلے دب کر اہلیہ اور دو معصوم بچے بھی جاں بحق

وینزویلا میں چند روز قبل آنے والے تباہ کن زلزلوں کے نتیجے میں ارجنٹینا کے نامور مقامی فٹبالر لوکاس تریخو کی اہلیہ اور 2 بچے بھی ہلاک ہوگئے ہیں۔ لوکاس تریخو کلب کی جانب سے جاری کردہ آفیشل بیان میں اس افسوسناک خبر کی تصدیق کرتے ہوئے فٹبالر اور ان کے اہلِخانہ سے گہرے رنج و غم اور تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو کی اہلیہ یانینا مارانیلا اور 2 بچے آرون تریخو اور آئینہوا تریخو ساحلی علاقے پلایا گراندے میں موجود تھے جہاں ان کی رہائشی عمارت زمین بوس ہو گئی۔ واقعے کے بعد فٹبالر کے بیوی بچے لاپتہ ہو گئے تھے تاہم امدادی ٹیموں نے بعد میں ملبے سے تینوں کی لاشیں نکال کر ہلاکت کی تصدیق کر دی۔

رپورٹ کے مطابق زلزلے کے وقت لوکاس تریخو اپنی ٹیم کے ساتھ دارالحکومت کراکاس میں آئندہ میچ کی تیاری میں مصروف تھے، اور انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے خاندان کی بحفاظت تلاش کے لیے عوام سے دعا اور مدد کی اپیل بھی کی تھی۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق وینزویلا میں 24 جون کو آنے والے ان زلزلوں سے اب تک تقریباً 6.76 ملین افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ تقریباً 1500 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور ہزاروں افراد تاحال ملبے تلے لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرگرمیاں جاری ہیں۔

Exit mobile version