جولائی 17, 2026

ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے زیر اہتمام بہاولپور میں فری میڈیکل کیمپ کا انعقاد، درجنوں مستحق مریضوں کا مفت معائنہ اور ادویات کی فراہمی

جہلم (محمد زاہد خورشید) ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان (HDA) کے زیر اہتمام بہاولپور کی صلاح الدین کالونی، سلار سینٹر میں ایک روزہ فری ہومیوپیتھک میڈیکل کیمپ کا کامیابی سے انعقاد کیا گیا ہے۔ اس کیمپ میں سینئر ہومیوپیتھک معالجین ڈاکٹر جاوید ناصر، ڈاکٹر منور راؤف اور ڈاکٹر راؤ عدنان نے بڑی تعداد میں مریضوں کا طبی معائنہ کیا۔ کیمپ کو کامیاب بنانے میں نوجوان ڈاکٹرز اور طلبہ، جن میں ڈاکٹر علی رضا، ڈاکٹر مصطفیٰ اور ڈاکٹر ساجد شامل ہیں، نے بھی انتہائی فعال کردار ادا کیا۔ کیمپ کے دوران 50 سے زائد مستحق مریضوں کا مفت معائنہ کر کے انہیں بلا معاوضہ ہومیوپیتھک ادویات فراہم کی گئیں، جبکہ دائمی اور پیچیدہ امراض میں مبتلا افراد کو تفصیلی مشاورت اور طرزِ زندگی کی بہتری کے حوالے سے رہنمائی بھی دی گئی۔

اس موقع پر ہومیوپیتھک ڈاکٹرز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر محمد رمضان جنجوعہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد صرف علاج کرنا نہیں بلکہ ہر گلی محلے تک سستی اور معیاری ہومیوپیتھک سہولیات پہنچانا ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ HDA پاکستان آئندہ مہینوں میں ملک کے دیگر علاقوں میں بھی ایسے مزید فری میڈیکل کیمپس کا انعقاد کرے گا۔ تنظیم کے انفارمیشن سیکریٹری ڈاکٹر واصف حسین نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ کیمپس نوجوان ڈاکٹروں اور طلبہ کی عملی تربیت کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو رہے ہیں، جہاں انہیں سینئر معالجین کی نگرانی میں حقیقی مریضوں کا معائنہ کر کے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔