تہران: ایرانی سول ایوی ایشن نے تہران اور دبئی کے اہم فضائی روٹ پر مسافر پروازیں یکم جولائی سے دوبارہ بحال کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس فیصلے سے دونوں ممالک کے درمیان فضائی روابط اور تجارتی و سفری سرگرمیوں میں تیزی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔
تہران میں ایرانی سول ایوی ایشن تنظیم کے سربراہ ماجد اخوان نے پریس کانفرنس کے دوران تصدیق کی کہ تہران اور دبئی کے درمیان مسافر پروازوں کے دوبارہ آغاز کے لیے اماراتی اور ایرانی سول ایوی ایشن حکام نے باہمی مشاورت کے بعد تمام ضروری اجازت نامے جاری کر دیے ہیں، جس کے بعد پروازوں کی روانگی کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
ماجد اخوان نے پروازوں کے شیڈول کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر صرف ایرانی ایئرلائنز کی پروازیں اس روٹ پر آپریٹ کریں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ دیگر ضروری اور تیکنیکی اقدامات مکمل ہونے کے بعد بہت جلد دیگر بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں کو بھی اس روٹ کو استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
سول ایوی ایشن کے سربراہ نے مزید کہا کہ تہران اور دبئی کے علاوہ دیگر عالمی روٹس پر بھی فضائی آپریشنز کی بحالی کے معاملات ابھی زیرِ غور ہیں۔ ان تمام روٹس پر پروازوں کا آغاز متعلقہ حکومتی اتھارٹیز کی حتمی منظوری اور سیکیورٹی کلیئرنس سے مشروط ہوگا۔
