لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر قومی خواتین ٹیم کی کارکردگی پر غیر ضروری اور زہریلی تنقید کرنے والوں پر سخت برہم ہو گئیں۔ انہوں نے خواتین کھلاڑیوں کو نشانہ بنانے والے مائنڈ سیٹ کو شدید آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے صنفی امتیاز پر مبنی رویوں پر گہرے دکھ اور غصے کا اظہار کیا ہے۔
ثناء میر نے ناقدین کو کرارا جواب دیتے ہوئے سوال کیا کہ "کیا ہماری مردوں کی کرکٹ ٹیم کبھی ورلڈ کپ نہیں ہاری؟ کیا ان کی پرفارمنس میں اتار چڑھاؤ نہیں آئے؟” انہوں نے مزید کہا کہ مرد کھلاڑیوں کی ناکامی پر کبھی ایسی باتیں نہیں کی جاتیں، لیکن آج تک کسی خاتون کرکٹر نے کسی مرد کرکٹر کے بارے میں یہ نہیں کہا کہ وہ تندور پر روٹی اچھی لگاتا ہے اور انہیں کرکٹ چھوڑ کر وہی لگانی چاہیے۔
سابق کپتان نے انکشاف کیا کہ خواتین کرکٹرز کے خلاف صرف ان کی جنس کی وجہ سے زیادہ تنقید کی جا رہی ہے۔ حد تو یہ ہے کہ اب کچھ لوگ آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) کا سہارا لے کر خواتین کھلاڑیوں کی فیک ویڈیوز بنا رہے ہیں اور سوشل میڈیا پر جھوٹ پر جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ انہیں اس موجودہ مائنڈ سیٹ سے شدید تکلیف ہے، اور جب تک ہم اس منفی سوچ کو نہیں بدلیں گے، بحیثیت قوم ہم کہیں نہیں پہنچ سکتے۔
