لندن میں جاری ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے ایک اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں 7 گول سے عبرتناک شکست دے دی ہے۔ میچ کے آغاز میں پاکستانی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور پہلے کوارٹر میں ابوبکر کے واحد گول کی بدولت بھارت پر ایک صفر کی برتری حاصل کر لی تھی، تاہم یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ دوسرے کوارٹر سے بھارتی ٹیم نے میچ پر مکمل گرفت حاصل کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا اور پاکستانی دفاعی لائن کو تہس نہس کرتے ہوئے ایک کے بعد ایک 7 گول داغ دیے۔ مقررہ وقت کے خاتمے پر اسکور 1-7 رہا اور بھارت نے میدان مار لیا۔ واضح رہے کہ ایف آئی ایچ پرو لیگ میں پاکستان کی یہ مسلسل 15ویں شکست ہے اور قومی ٹیم اب ایونٹ میں اپنا آخری میچ آج انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ؛ روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 1-7 کے بھاری مارجن سے شکست دے دی
