امریکی حملوں پر ایران کا سخت ردعمل؛ پاسدارانِ انقلاب کا فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان

امریکی فضائی کارروائی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان جنگی خطرات سنگین ہو گئے ہیں اور ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکا کو فوری اور فیصلہ کن جواب دینے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق، پاسدارانِ انقلاب نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے بحری اور فضائی دستوں نے جزیرہ سرک پر کیے گئے امریکی حملے کو کامیابی سے ناکام بنا دیا ہے۔ ایرانی فوجی قیادت نے سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ وہ اس جارحیت کو ہرگز بغیر جواب کے نہیں چھوڑیں گے اور ان کا ردعمل ایران کے اپنے طے کردہ وقت اور مقام پر انتہائی تیز اور تباہ کن ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کی جانب سے کسی بھی نئی حماقت کا سخت ترین جواب دیا جائے گا کیونکہ امریکی کارروائیاں خطے میں کشیدگی بڑھانے کے مترادف ہیں، اور ایران اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔ واضح رہے کہ یہ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب امریکی سینٹکام کے مطابق 25 جون کو ایران نے آبنائے ہرمز میں ایک کمرشل جہاز پر ڈرون حملہ کیا، جس کے جواب میں امریکی طیاروں نے ایران کے میزائل، ڈرون اسٹوریج اور ساحلی ریڈار سائٹس کو نشانہ بنایا۔

Exit mobile version