10 محرم الحرام کے لیے گجرات پولیس کا جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان جاری، 4 ہزار سے زائد اہلکار تعینات

ڈِنگہ (عمر شیخ) ڈی پی او گجرات کی ہدایت پر یومِ عاشور (10 محرم الحرام) کے موقع پر ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے اور عزاداروں کے تحفظ کے لیے جامع اور فول پروف سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔ ترجمان گجرات پولیس کے مطابق، ضلع بھر میں یومِ عاشور پر 34 مجالس منعقد ہوں گی جبکہ 42 جلوس برآمد کیے جائیں گے۔ ان تمام مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار فرائض سرانجام دیں گے، جن کی معاونت کے لیے پاک فوج، رینجرز، ایلیٹ فورس، اسپیشل برانچ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستے بھی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری نمٹنے کے لیے ریزرو فورس اور کوئیک رسپانس ٹیموں کو الرٹ رکھا گیا ہے جبکہ جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی ٹریفک پلان بھی وضع کر دیا گیا ہے۔

سیکیورٹی پلان کے تحت جلوس کے روٹس میں آنے والی تمام گلیوں اور ذیلی راستوں کو بیرئیرز، خاردار تاروں اور خصوصی ناکہ بندی کے ذریعے مکمل طور پر محفوظ (سیل) بنایا جائے گا، جبکہ حساس مقامات اور بلند عمارتوں کی چھتوں پر سنائپرز اور تربیت یافتہ پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ عزاداروں کو جلوس اور مجالس میں واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور مکمل باڈی سرچنگ کے بعد ہی داخلے کی اجازت دی جائے گی، جبکہ خواتین عزاداروں کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار اور تربیت یافتہ رضاکار تعینات کی گئی ہیں۔ ڈی پی او گجرات کا کہنا ہے کہ سیف سٹی اور ضلعی کنٹرول روم کے جدید مانیٹرنگ سسٹم کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ امن و امان قائم رکھنے میں پولیس کا ساتھ دیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا لاوارث سامان کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 15 پر دیں۔

Exit mobile version