ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس اور مجالس، شہدائے کربلا کو خراجِ عقیدت پیش

نواسہ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جاں نثار رفقا کی کربلا کے میدان میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9 محرم الحرام کے جلوس انتہائی عقیدت و احترام اور سخت سیکیورٹی میں برآمد کیے گئے۔ کراچی میں نشتر پارک سے نکلنے والا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا صدر کے علاقے سے گزر کر حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور کا مرکزی جلوس بھی اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں رہا جہاں عزاداروں نے پرانی انارکلی چوک پر نمازِ مغربین ادا کی۔ پشاور اور کوئٹہ کے مرکزی جلوس بھی اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے پرامن طور پر اختتام پذیر ہوئے، تاہم کوئٹہ میں سیکیورٹی کے پیشِ نظر موبائل فون سروس معطل اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد رہی۔ اس کے علاوہ ملتان، گوجرانوالا، خیبر پختونخوا کے اضلاع، گلگت بلتستان اور میانوالی میں ماڑی کے مقام پر دریائے سندھ میں کشتیوں پر انوکھا جلوس نکالا گیا۔

دوسری جانب، سندھ کے تاریخی شہر روہڑی کا طویل دورانیے کا روایتی ‘نو ڈھالہ’ تعزیہ جلوس اپنی دوسری منزل کربلا میدان پہنچ گیا ہے جہاں عزادارانِ حسینؑ آج رات قیام کریں گے۔ وزیر داخلہ سندھ ضیا الحسن لنجار نے روہڑی کے قدیمی جلوس کے روٹ کا خود دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر داخلہ نے افسوسناک خبر شیئر کی کہ شدید گرمی اور رش کے باعث دم گھٹنے سے 4 عزادار شہید ہوئے جبکہ 14 عزادار معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حیدرآباد، میرپور خاص سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت جلوسوں اور مجالس کا انعقاد کیا گیا۔

Exit mobile version