ٹورنٹو: فٹبال ورلڈ کپ 2026 سے اب تک 6 ٹیمیں باہر، قطر کو شکست، سوئٹزرلینڈ اور کینیڈا ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچ گئے

فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، جہاں اب تک قطر سمیت مجموعی طور پر 6 ٹیمیں میگا ایونٹ کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔ گروپ بی کے ایک اہم اور فیصلہ کن میچ میں بوسنیا ہرزیگوینا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے قطر کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے عبرتناک شکست دی، جس کے بعد بوسنیا کی ٹیم گروپ بی میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہی جبکہ قطر کی ٹیم ورلڈ کپ سے باہر ہو گئی۔ واضح رہے کہ قطر سال 2022 کے ورلڈ کپ کا میزبان اور دو مرتبہ کا ایشین چیمپئن رہ چکا ہے، تاہم اس بار وہ میگا ایونٹ میں اپنی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے میں ناکام رہا۔

دوسری جانب، گروپ بی سے سوئٹزرلینڈ اور میزبان ملک کینیڈا نے اگلے مرحلے یعنی ناک آؤٹ راؤنڈ کے لیے باقاعدہ کوالیفائی کر لیا ہے۔ گروپ بی کے آخری اور دلچسپ میچز میں سوئٹزرلینڈ نے میزبان کینیڈا کو دو۔ایک سے شکست دے کر گروپ میں پہلی پوزیشن حاصل کی، جس کے بعد سوئٹزرلینڈ 7 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں سرفہرست رہا۔ اگرچہ کینیڈا اور بوسنیا دونوں کے پاس چار چار پوائنٹس تھے، لیکن بہتر گول اوسط کی برتری کی وجہ سے میزبان کینیڈا نے اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ بوسنیا بہتر اوسط نہ ہونے کے باعث آگے نہ بڑھ سکا۔

Exit mobile version