لندن کے میئر صادق خان کا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ تنقیدی بیان پر انتہائی دلچسپ اور کرارا ردعمل سامنے آیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں صادق خان نے طنزیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ انہیں سمجھ نہیں آتی کہ آخر میرے لیے صدر ٹرمپ کے سر میں اتنی جگہ کیوں ہے اور وہ مجھ میں اتنی زیادہ دلچسپی کیوں لیتے ہیں؟ انہوں نے جملہ کسا کہ ‘شاید امریکی صدر کا مجھ پر دل آگیا ہے’۔ صادق خان نے مزید کہا کہ ٹرمپ کی اس ناپسندیدگی کی اصل وجہ شاید یہ ہے کہ میں ایک ایسے شہر کا میئر ہوں جو ترقی پسند، کثیرالثقافتی، آزاد خیال اور انتہائی کامیاب ہے، اور حال ہی میں لندن نے دنیا کے بہترین شہر کا باوقار ‘لی کوان یو’ (Lee Kuan Yew) ایوارڈ بھی جیتا ہے جو غالباً امریکی صدر کو ناگوار گزرا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور میئر لندن صادق خان کے درمیان لفظی جنگ اور اختلافات کا یہ سلسلہ نیا نہیں بلکہ 2015 سے جاری ہے۔ صدر ٹرمپ ماضی میں بھی صادق خان کو ایک ‘برا آدمی’ اور برطانیہ کا ‘خوفناک نمائندہ’ قرار دے چکے ہیں۔ اپنے حالیہ بیان میں بھی ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ کوئی نیا مسئلہ پیدا نہیں کرنا چاہتے لیکن سچ یہ ہے کہ لندن کا میئر انتہائی نااہل ہے۔ تاہم، صادق خان نے ٹرمپ کی اس سخت تنقید کا جواب سنجیدگی کے بجائے طنز و مزاح کے پیرائے میں دے کر برطانوی اور امریکی میڈیا کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی ہے۔
