متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے ملک کی تاریخ میں پہلی بار مسافر ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے، جس کے ذریعے ملک کی مختلف ریاستوں کو ایک جدید اور تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک کے ذریعے آپس میں جوڑا جا رہا ہے۔ اس تاریخی منصوبے کا باقاعدہ آغاز کرتے ہوئے ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان نے محمد بن زاید سٹی مسافر ریلوے اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ اماراتی حکام کے مطابق، یہ منصوبہ ملک بھر میں محفوظ سفر، بین الریاستی تجارت اور سیاحت کے فروغ میں انتہائی اہم میل پتھر ثابت ہوگا۔
حکام کی جانب سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق، عام عوام کے لیے ابوظبی اور فجیرہ کے درمیان ٹرین سروس 30 جون سے دستیاب ہوگی، جس کے بعد اس طویل روٹ پر سفر کا دورانیہ سمٹ کر صرف ایک گھنٹہ 45 منٹ رہ جائے گا۔ اس روٹ پر اکانومی کلاس کا کرایہ 55 درہم سے شروع ہوگا جبکہ پریمیئم کلاس کا ٹکٹ 120 درہم میں دستیاب ہوگا۔ منصوبے کے اگلے مرحلے کے تحت، اسی سال 30 ستمبر 2026 کو دبئی اور شارجہ کے علاقے الذید میں بھی ریلوے اسٹیشن کھول دیے جائیں گے، جبکہ ابوظبی کے مغربی علاقے الظفرہ میں یہ سروس دسمبر 2026 میں شروع ہوگی۔ بعد ازاں، مارچ 2027 تک شارجہ کا مرکزی ریلوے اسٹیشن بھی اس قومی ریلوے نیٹ ورک کا حصہ بن جائے گا۔
