میزائل پروگرام پر دُہرا معیار نہیں ہونا چاہیے، ایران اپنے دفاع کا پورا حق رکھتا ہے، وزیراعظم شہباز شریف؛ میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا مشترکہ پریس کانفرنس میں اعلان

وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلام آباد میں ایک اہم مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے عالمی سطح پر دہرا معیار نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیلسٹک میزائل کا معاملہ مذاکراتی ایجنڈے کا کبھی حصہ نہیں تھا؛ اگر دیگر ممالک اپنے دفاع کے لیے میزائل رکھ سکتے ہیں تو ایران پر سوال کیوں اٹھایا جاتا ہے؟ وزیراعظم نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر امن کی کاوشوں کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں، مگر پاکستان اور ایران ان سازشوں کے سامنے آہنی دیوار بن کر کھڑے ہیں۔ انہوں نے جنگ بندی اور ایم او یو کی تیاریوں میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ان تھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور قطر، سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کی قیادت کا امن اقدام کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ ایران اپنے میزائل پروگرام پر کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی مخلصانہ امن کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا اور کہا کہ پاکستان اور ایران یک جان دو قالب ہیں، جن کی منزل اور مستقبل مشترک ہے۔ انہوں نے مشکل وقت میں ایرانی حکومت اور عوام کا ساتھ دینے پر پاکستانی قیادت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ایرانی صدر نے یقین دلایا کہ وہ پاکستان کے ساتھ ہر شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دیں گے۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب، ایک پروقار تقریب کے دوران ایرانی صدر مسعود پزشکیان کو ان کی شاندار طبی و عوامی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز (CPSP) کی جانب سے اعزازی فیلوشپ سے نوازا گیا۔ ایوانِ صدر میں منعقدہ اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے خصوصی شرکت کی، جہاں وزیراعظم اور سی پی ایس پی کے صدر نے مشترکہ طور پر ایرانی صدر کو یہ اعزازی فیلوشپ پیش کی۔

Exit mobile version