منڈی بہاءالدین (رپورٹ: ڈاکٹر شاہد راٹھور) محکمہ زراعت (توسیع) اور اینگرو فرٹیلائزرز لمیٹڈ کے زیرِ اہتمام گوجرہ کے مقامی میرج ہال میں "دھان کی منافع بخش کاشت” کے موضوع پر ایک پروقار آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر زراعت توسیع گجرات ڈویژن ڈاکٹر عرفان اللہ وڑائچ نے کہا کہ زمین ماں کی طرح ہے جو ہمارے لیے اناج اگاتی ہے، اس لیے اس کی زرخیزی کی بحالی کے لیے نامیاتی مادہ کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے فصلوں کی باقیات کو جلانے کے نقصانات پر تفصیلی گفتگو کی اور حکومتِ پنجاب کی کسان دوست اسکیموں، خصوصاً کسان کارڈ اور گرین ٹریکٹر اسکیم پر روشنی ڈالی۔
سیمینار سے ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع محمد افضل اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر منڈی بہاءالدین ڈاکٹر رب نواز نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے دھان کی پیداواری ٹیکنالوجی، جڑی بوٹیوں اور کیڑوں کے مؤثر تدارک سمیت فصل پر ممنوعہ زہروں کے استعمال کے نقصانات سے کاشتکاروں کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر اینگرو فرٹیلائزرز کے ریجنل مینیجر صارم محمود اور ایریا مینیجر محمد عبداللہ طارق نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ سیمینار میں موجود کاشتکاروں نے حکومت کی کسان دوست پالیسیوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس مفید اور معلوماتی سیمینار کے انعقاد پر محکمہ زراعت اور اینگرو فرٹیلائزرز کی مخلصانہ کوششوں کو زبردست الفاظ میں سراہا۔





