جون 24, 2026

فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں کرسٹیانو رونالڈو کا ایک اور عالمی ریکارڈ، 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول کرنے والے دنیا کے پہلے فٹبالر بن گئے

پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے فیفا ورلڈ کپ کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر کے فٹبال کی دنیا میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہوسٹن میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے ایک اہم میچ میں 41 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے ازبکستان کے خلاف کھیلتے ہوئے یہ منفرد سنگ میل عبور کیا۔ میچ کے آغاز میں ہی چھٹے منٹ پر جواؤ کینسلو کے ایک شاندار اور نپے تلے کراس پر رونالڈو نے دائیں پیر سے انتہائی خوبصورتی کے ساتھ گیند کو جال کی راہ دکھائی، اور اس گول کے اسکور ہوتے ہی انہوں نے ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے منفرد اعزاز اپنے نام کر لیا۔

اس تاریخی گول کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو دنیا کے پہلے ایسے فٹبالر بن گئے ہیں جنہوں نے 6 مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں گول اسکور کرنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ رونالڈو نے اس سے قبل 2006، 2010 اور 2014 کے ورلڈ کپ میں ایک، ایک گول، جبکہ 2018 کے ایڈیشن میں 4 اور 2022 کے ورلڈ کپ میں بھی ایک گول داغا تھا۔ اس نئے گول کے بعد وہ ورلڈ کپ تاریخ کے دوسرے سب سے عمر رسیدہ گول اسکورر بھی بن گئے ہیں، جبکہ یہ ریکارڈ اب بھی کیمرون کے مایہ ناز کھلاڑی راجر میلا کے پاس برقرار ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ رونالڈو کے روایتی حریف لیونل میسی بھی اس سال اپنے چھٹے ورلڈ کپ میں شریک ہیں، تاہم وہ ہر ایڈیشن میں گول کرنے کا یہ خاص اعزاز حاصل نہیں کر سکے۔