نونانوالی (رپورٹ: ڈاکٹر غلام شبیر) میری لینڈ میرج اینڈ بینکویٹ ہال لالہ موسیٰ میں ایک عظیم الشان "پیغامِ کربلا کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا، جس میں عاشقانِ رسول ﷺ اور اہلِ محبت نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس سے معروف مذہبی اسکالر پیر اجمل رضا قادری نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا کی آفاقی اہمیت، سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار رفقاء کی لازوال قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
پیر اجمل رضا قادری نے اپنے خطاب میں کہا کہ پیغامِ کربلا ہمیں حق، سچائی، صبر اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا ابدی درس دیتا ہے، جس پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں امن، محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ کانفرنس میں شریک حاضرین نے پیر اجمل رضا قادری کے ولولہ انگیز خطاب کو نہایت توجہ اور عقیدت سے سنا اور پیغامِ کربلا کو اپنی عملی زندگیوں میں اپنانے کے پختہ عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر میری لینڈ میرج ہال کی انتظامیہ کی جانب سے مہمانوں کے لیے بہترین اور منظم انتظامات کیے گئے تھے، جنہیں شرکاء نے دل کھول کر سراہا۔ کانفرنس کا اختتام ملک و ملت کی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا پر ہوا۔
