ڈویژنل وارڈن سول ڈیفنس و انچارج ایدھی سنٹر میرپور کا ٹیم کے ہمراہ ایدھی سنٹر جہلم کا دورہ، بہترین انتظامات پر خراجِ تحسین

سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) گزشتہ روز ڈویژنل وارڈن سول ڈیفنس اور انچارج ایدھی سنٹر میرپور شیراز احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ایدھی سنٹر جہلم کا ایک اہم دورہ کیا۔ شیراز احمد کے ہمراہ دورہ کرنے والی ٹیم میں ظفر اقبال، گلریز شیراز اور محمد وقار شامل تھے۔ ایدھی سنٹر جہلم پہنچنے پر وہاں کے انچارج عبدالغفور چوہان نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر سرکل انچارج ڈاکٹر محمد اسد مرزا اور سپروائزر غضنفر علی بھی موجود تھے۔

دورے کے دوران انچارج ایدھی سنٹر میرپور شیراز احمد نے جہلم سنٹر کی عمارت، نئے دفتر کی صفائی ستھرائی، تزئین و آرائش اور مجموعی انتظامات کو شدید سراہا۔ انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماشاءاللہ ایدھی سنٹر جہلم کی نئی شکل و صورت انتہائی خوبصورت اور دلکش ہے، اور یہاں کا بہترین ماحول قابلِ تعریف ہے۔ اس موقع پر عبدالغفور چوہان نے انہیں سنٹر کی فلاحی سرگرمیوں سے آگاہ کیا، جس پر تمام شرکاء نے دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Exit mobile version