وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی کامیاب سفارتی کوششوں نے دنیا کو ایک ممکنہ تیسری عالمی جنگ کی ہولناک تباہی سے محفوظ رکھ لیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے جو تاریخی کردار ادا کیا ہے، وہ نوبل پیس پرائز (امن کے نوبل انعام) سے بھی بڑھ کر ہے۔ ایک صحافی کے سوال پر کہ کیا اس ثالثی کے بعد نوبل پیس پرائز پاکستان کو ملنا چاہیے، رانا ثناء اللہ نے جواب دیا کہ یہ فیصلہ نوبل پرائز کمیٹی نے کرنا ہے، لیکن ہمارے رہنماؤں کا کام اس اعزاز سے کہیں اوپر کی بات ہے۔
رانا ثناء اللہ نے اس سفارتی پیش رفت کے معاشی فوائد پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنگی صورتحال کے خاتمے سے نہ صرف خطے میں استحکام آئے گا بلکہ عالمی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ایران پر عائد پابندیاں ختم ہونے سے خطے میں توانائی کے معطل منصوبے دوبارہ شروع ہو سکیں گے، بالخصوص ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ بحال ہونے سے ملک میں توانائی کا بحران حل ہوگا اور گیس و پیٹرول کی قیمتوں میں واضع کمی آئے گی۔
آزاد کشمیر کے سیاسی حالات اور داخلی امور پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے بھرپور مدد فراہم کرے گی، اور الیکشن کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ وزیراعظم نے چوتھی بار اپوزیشن کو براہِ راست مذاکرات کی دعوت دی ہے، جس پر اپوزیشن کی جانب سے مثبت جواب کی امید ہے۔ وفاقی کابینہ میں تبدیلیوں کے حوالے سے انہوں نے تمام خبروں کو محض قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے کہا کہ فی الحال کابینہ میں کسی قسم کے ردوبدل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
