جون 22, 2026

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایران کو سخت ترین وارننگ: آبنائے ہرمز بند کی تو ملک تباہ کر دیں گے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کے حوالے سے انتہائی سخت الفاظ میں خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے اس عالمی اہمیت کی حامل بحری گزرگاہ کو بند کرنے کی کوشش کی تو امریکا ایران کو مکمل طور پر تباہ کر دے گا۔ امریکی نشریاتی ادارے ‘فاکس نیوز’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے یہ پیغام کسی تیسرے فریق کے بغیر، براہِ راست ایرانی قیادت تک پہنچا دیا ہے کہ آبنائے ہرمز کی بندش کے نتائج ایران کے لیے ہولناک ہوں گے۔

صدر ٹرمپ نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہا، "اگر تم نے اسے بند کیا تو تمہارا ملک نہیں بچے گا، اور تم اپنے ملک تک واپس بھی نہیں پہنچ سکو گے”۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ اگر ایران کے ساتھ کوئی باضابطہ معاہدہ طے نہیں پاتا تو امریکا آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر ٹیکس (ٹول) بھی عائد کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی تجارتی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے، اگر ضرورت پڑی، تو امریکی افواج آبنائے ہرمز کا مکمل کنٹرول بھی اپنے ہاتھوں میں لے سکتی ہیں۔

جب فاکس نیوز کے نمائندے نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے اس حالیہ بیان پر ردعمل مانگا جس میں انہوں نے ایران کے یورینیم افزودگی کے حق کا دفاع کیا تھا، تو ٹرمپ نے سخت لہجے میں جواب دیا، "انہیں اپنی زبان پر قابو رکھنا چاہیے، ورنہ ہم باقی ملک کا بھی کنٹرول سنبھال سکتے ہیں”۔ امریکی صدر کے اس بیان سے خطے میں ایک بار پھر شدید کشیدگی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔