وزارتِ مذہبی امور کا بڑا اعلان: حج 2027 کی رجسٹریشن کا باقاعدہ شیڈول جاری، عمل آج سے شروع

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے رجسٹریشن کے باقاعدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت رجسٹریشن کے عمل کا آغاز آج (22 جون) سے ہو رہا ہے۔ وزارت کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یہ رجسٹریشن بالکل مفت ہوگی اور اس کے لیے کوئی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔ حج 2027 کے لیے رجسٹریشن "پہلے آئیے، پہلے پائیے” کی بنیاد پر کی جائے گی، اس لیے عازمین کو جلد از جلد اپنے اندراج کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری اور نجی (پرائیویٹ) دونوں حج اسکیموں کے عازمین کے لیے یہ رجسٹریشن کرانا لازمی ہے، اور رجسٹریشن کے بغیر حج 2027 کے لیے کوئی بھی درخواست قابلِ قبول نہیں ہوگی۔ حج کی درخواست دینے کے لیے عازمین کے پاسپورٹ کی معیاد کم از کم 26 نومبر 2027 تک ہونا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہی خاندان کے افراد کو مشترکہ طور پر رجسٹریشن کرانے کی اجازت ہوگی، جبکہ سمندر پار (بیرونِ ملک) مقیم پاکستانیوں کے لیے بھی حج رجسٹریشن کی خصوصی سہولت فراہم کی گئی ہے۔

عازمینِ حج کی سہولت کے لیے وزارتِ مذہبی امور نے بتایا ہے کہ حج رجسٹریشن ملک بھر کے مقررہ بینکوں کے ذریعے کرائی جا سکتی ہے، جبکہ عازمین گھر بیٹھے آن لائن پورٹل کے ذریعے بھی اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کر سکتے ہیں۔ یاد رہے کہ اس ابتدائی رجسٹریشن کے بعد ہی عازمین کو سرکاری یا نجی حج اسکیم کا انتخاب کرنے کا اختیار ملے گا۔

Exit mobile version