کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار ) سالارِ قافلہ چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے اپنے خلاف لگائے جانے والے کرپشن کے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے چوہدری محمد الیاس کو کسی بھی قومی یا مقامی نیوز چینل پر براہِ راست (لائیو) مناظرے کا کھلا چیلنج دے دیا ہے۔ چوہدری عابد رضا کا کہنا ہے کہ اگر چوہدری محمد الیاس دستاویزی شواہد کے ساتھ ان پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت کر دیں تو وہ اپنی تمام سیاسی اور عوامی ذمہ داریوں سے مستعفی ہونے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے شرط عائد کی کہ اگر الزامات ثابت نہ ہو سکیں تو پھر چوہدری الیاس کو بھی اپنے عہدے سے فوری استعفیٰ دینا چاہیے۔
انہوں نے اپنے دورِ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کوٹلہ عرب علی خان میں تعمیر ہونے والی سڑکیں، عوامی فلاحی منصوبے اور دیگر ترقیاتی کام آج بھی ان کی کارکردگی، شفافیت اور دیانت داری کے منہ بولتے گواہ ہیں۔ ان کے مطابق عوامی وسائل کو ہمیشہ امانت سمجھ کر دیانت داری سے خرچ کیا گیا، جس کی وجہ سے یہ منصوبے کئی سال گزرنے کے باوجود بہترین، فعال اور مضبوط حالت میں موجود ہیں۔ چوہدری عابد رضا نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافِ رائے ہر کسی کا جمہوری حق ہے، تاہم بے بنیاد الزامات اور کردار کشی کی سیاست عوامی خدمت کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے خلاف کرپشن کے دعوے کیے جا رہے ہیں تو ان کے ثبوت بھی لائیو میڈیا پر عوام کے سامنے پیش کیے جائیں۔
سیاسی حلقوں میں چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے اس تگڑے بیان اور چیلنج کو ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے علاقے کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ دوسری جانب عوامی حلقوں کا بھی یہی کہنا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کو محض الزام تراشی کے بجائے اپنے مؤقف کے حق میں دلائل اور شواہد کے ساتھ عوام کی عدالت میں آنا چاہیے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو سکے اور حقائق سب کے سامنے واضح ہو سکیں۔
