گلگت بلتستان میں عام انتخابات کے انعقاد کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کا عمل تاخیر کا شکار ہونے لگا ہے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے تاحال کامیاب ہونے والے امیدواروں کے باقاعدہ گزٹ نوٹیفکیشن جاری نہیں کیے ہیں، جس کی وجہ سے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ بھی رکا ہوا ہے۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد ہی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا مرحلہ شروع ہوگا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پورے عمل کو مکمل کرنے کے لیے کم از کم 3 دن درکار ہوں گے۔
آئینی قوانین کے تحت انتخابات کے انعقاد کے بعد 14 روز کے اندر اندر کامیاب ارکان کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری کرنا لازمی ہوتا ہے۔ گلگت بلتستان میں ہونے والے الیکشن کو 21 جون کو پورے 14 دن مکمل ہو جائیں گے، جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن پر نوٹیفکیشن کے جلد اجراء کے لیے دباؤ بڑھ گیا ہے۔ اگر مقررہ مدت کے اندر یہ عمل پورا نہ کیا گیا تو حکومت سازی کا بحران مزید طول پکڑ سکتا ہے۔
دوسری جانب صوبے کی سیاسی صف بندیوں میں تبدیلیاں بھی دیکھنے میں آ رہی ہیں۔ انتخابی حلقے جی بی اے 6 ہنزہ سے آزاد حیثیت میں الیکشن جیتنے والے کامیاب امیدوار نیک نام کریم نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شامل ہونے کا باقاعدہ فیصلہ کر لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکام کے مطابق نیک نام کریم نے چیف الیکشن کمشنر کو پیپلز پارٹی میں اپنی شمولیت کا تصدیق نامہ بھی پیش کر دیا ہے، جس کے بعد صوبے میں حکومت سازی کے لیے نمبر گیم میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
