کھاریاں(ایم عمر) چودھری نعیم رضا کوٹلہ نے کھاریاں افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوۓ کہا کہ کھاریاں میں چودھری محمد اشرف فری ڈائیلاسز سنٹر کا قیام ایک قابلِ ستائش اور تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے، جس پر آفتاب اشرف گوندل وبرادران خصوصی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ گوندل فیملی کی بھرپور عزت افزائی اور حوصلہ افزائی پر چودھری شافع حسین کے مشکور ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گوندل فیملی نے اپنے والد کے نام کو محض یادگار تک محدود رکھنے کے بجائے اسے دکھی انسانیت کی خدمت کا ذریعہ بنا دیا ہے، جس سے گردوں کے امراض میں مبتلا بے شمار مریض بلا معاوضہ علاج کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔آفتاب اشرف گوندل اور سٹیزن ویلفیئر سوسائٹی کی یہ کاوش اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت خدمتِ خلق ہو تو معاشرے میں حقیقی تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ ایسے فلاحی منصوبے نہ صرف انسانیت کی خدمت ہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی ایک روشن مثال ہیں۔اس عظیم منصوبے کے ساتھ ساتھ تحصیل کھاریاں کے عوام کی ایک دیرینہ ضرورت جدید چلڈرن ہسپتال کا قیام بھی ہے۔ آج بھی بچوں کے پیچیدہ امراض، پیڈیاٹرک سرجری، دل کے امراض اور دیگر خصوصی علاج کے لیے والدین کو لاہور اور دیگر بڑے شہروں کا رخ کرنا پڑتا ہے، جس سے وقت، اخراجات اور مشکلات میں بے پناہ اضافہ ہو جاتا ہے۔جس طرح آفتاب اشرف گوندل نے فری ڈائیلاسز سنٹر کا خواب حقیقت میں بدلا ہے، اسی جذبۂ خدمت کے تحت اگر کھاریاں میں ایک جدید چلڈرن ہسپتال کے قیام کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جائیں تو یہ پورے خطے کے لاکھوں بچوں اور ان کے والدین کے لیے ایک عظیم تحفہ ہوگا۔ یقیناً ایسے فلاحی منصوبے ہی کسی معاشرے کی حقیقی ترقی اور انسان دوستی کا معیار ہوتے ہیں
چودھری محمد اشرف فری ڈائیلاسز سنٹر کا قیام ایک قابلِ ستائش اور تاریخ ساز فلاحی اقدام ہے: نعیم رضا کوٹلہ
