سرائے عالمگیر (رپورٹ: ڈاکٹر تصور حسین مرزا) جہلم ایکس سروس مین سوسائٹی ضلع جہلم کے جنرل سیکرٹری عبدالغفور چوہان نے حکومت کی جانب سے بجٹ میں پینشنرز کے لیے محض 7 فیصد اضافے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے اسے شدید ناانصافی اور ناکافی قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اور کمر توڑ مہنگائی کے طوفان میں اس معمولی اضافے سے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کو کوئی خاطر خواہ ریلیف نہیں مل سکا، بلکہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
عبدالغفور چوہان نے پینشنرز کی مالی حالتِ زار پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اشیائے ضروریہ، بجلی، گیس اور واسا کے بلوں سمیت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اور بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں ریٹائرڈ ملازمین شدید ترین مالی مشکلات کا شکار ہو چکے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بیشتر پینشنرز، خصوصاً معمر افراد اور بیواؤں کا گزر بسر صرف اور صرف اسی پینشن پر ہوتا ہے، جس سے اب مہینے کے راشن اور ادویات کا خرچ پورا کرنا بھی ناممکن ہو چکا ہے۔
انہوں نے حکومتِ وقت سے پرزور مطالبہ کیا کہ موجودہ مہنگائی کے تناسب کو مدنظر رکھتے ہوئے پینشن میں کم از کم 40 سے 50 فیصد تک اضافہ کیا جائے۔ جنرل سیکرٹری ایکس سروس مین سوسائٹی نے اپیل کی کہ حکومت بزرگ شہریوں اور بیوہ پینشنرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے تاکہ وہ اس کڑے وقت میں ایک باعزت زندگی گزار سکیں۔
