ایرانی اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے لبنانی ہم منصب سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو لبنان کے مقبوضہ علاقوں سے ہر صورت انخلا کرنا ہوگا اور جنوبی لبنان کے بے گھر شہریوں کی اپنے گھروں کو واپسی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حال ہی میں طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں کیے گئے وعدوں کو پورا کرنا ناگزیر ہے تاکہ خطے میں پائیدار امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
دوسری جانب، ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف یک طرفہ فیصلے مسلط کرنے کا دور اب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران نے اپنی سفارتی اور سیاسی حکمت عملی سے امریکا کو اپنی شرائط پر مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا ہے۔ انہوں نے امریکا پر زور دیا کہ وہ لبنان کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کے وعدے کی پاسداری کرے اور مفاہمتی یادداشت کے تمام نکات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کی صورت میں ایران کی جانب سے سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
