سعودی عرب میں قوانین کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن، ایک ہفتے میں 10 ہزار سے زائد غیر قانونی تارکینِ وطن گرفتار، ہزاروں ملک بدر

ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب میں اقامہ، بارڈر سیکیورٹی اور لیبر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکیورٹی اداروں کا گرینڈ آپریشن تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت سیکیورٹی حکام نے محض ایک ہفتے کے دوران مجموعی طور پر 10 ہزار 725 غیر قانونی مقیم افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی وزارتِ داخلہ کے مطابق یہ گرفتاریاں 4 جون سے 10 جون کے درمیانی عرصے میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے کیے گئے مشترکہ فیلڈ معائنے کے دوران عمل میں لائی گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں ریزیڈنسی (اقامہ) قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 5 ہزار 899 افراد، بارڈر سیکیورٹی قانون توڑنے والے 3 ہزار 84 افراد جبکہ لیبر لاء کی خلاف ورزی پر ایک ہزار 742 افراد شامل ہیں۔

سعودی حکام کی جانب سے ان غیر قانونی باشندوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جا رہی ہے، جس کے تحت اب تک مجموعی طور پر 7 ہزار 989 غیر قانونی مقیم افراد کو مملکت سے ملک بدر کیا جا چکا ہے، جبکہ مزید 14 ہزار 268 افراد کو سفری دستاویزات (آؤٹ پاس) کے حصول کے لیے ان کے متعلقہ سفارتی مشنز اور سفارت خانوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق سرحد پار کر کے غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ایک ہزار 418 افراد کو دھر لیا گیا، جن میں 43 فیصد یمنی، 55 فیصد ایتھوپیا کے شہری اور 2 فیصد دیگر قومیتوں سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ غیر قانونی طریقے سے مملکت سے باہر فرار ہونے کی کوشش پر بھی 34 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

Exit mobile version