تحریک تحفظِ اسلام انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام پنجن کسانہ میں آج عظیم الشان ختمِ نبوت ﷺ تربیتی کنونشن اور جلسہِ دستارِ فضیلت ہو گا ، ڈنگہ سے قافلے روانہ ہوں گے

ڈنگہ (محمد زمان اسلم) تحریک تحفظِ اسلام انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام ایک عظیم الشان "ختمِ نبوت ﷺ تربیتی کنونشن و جلسہِ دستارِ فضیلت” کا انعقاد آج مورخہ 15 جون بروز سوموار کو ختمِ نبوت سنٹر، جی ٹی روڈ پنجن کسانہ (تحصیل کھاریاں) میں ہونے جا رہا ہے۔ اس بابرکت اور روحانی تقریب کی صدارت اور خصوصی خطاب سجادہ نشین آستانہ عالیہ جلالیہ بھکھی شریف، شیخ الحدیث پیر سید مفتی محمد نوید الحسن شاہ مشہدی فرمائیں گے، جبکہ کنونشن کا انعقاد مرکزی امیر تحریک تحفظِ اسلام انٹرنیشنل غازی محمد ثاقب شکیل جلالی کی متحرک قیادت میں کیا جا رہا ہے، جس میں ملک بھر سے جید علمائے کرام اور عاشقانِ رسول کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔

اس باوقار دینی کنونشن میں شرکت کے لیے ڈنگہ اور اس کے گرد و نواح سے عاشقانِ ختمِ نبوت کے بڑے قافلے آج شام 5 بجے تحریک کے ڈنگہ یونٹ کے صدر راجہ ندیم قادری اور نائب صدر شفاقت رسول کی قیادت میں کھاریاں (پنجن کسانہ) کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور ڈنگہ کی تاجر، سماجی و مذہبی برادری میں کنونشن کو لے کر شدید جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔ قائدین کا کہنا ہے کہ عقیدہِ ختمِ نبوت کا تحفظ ہمارے ایمان کی اساس ہے اور یہ تربیتی کنونشن نوجوان نسل کے ایمان کی پختگی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Exit mobile version