آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ 1 کے ایک اہم میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان ویمنز ٹیم کو 64 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی ہے۔ برمنگھم میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارتی کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز کا مضبوط مجموعہ بورڈ پر سجایا۔ بھارت کی جانب سے اوپنر سمرتی مندانا 68 رنز بنا کر نمایاں رہیں، جبکہ ہرمن پریت کور نے 36 اور رچا گھوش نے محض 17 گیندوں پر 34 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ پاکستان کی طرف سے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سعدیہ اقبال نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
171 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ویمنز ٹیم کا آغاز اچھا تھا جہاں اوپنرز منیبہ علی اور گل فیروزہ نے اسکور بورڈ پر 38 رنز جوڑے، تاہم 12 رنز پر گل فیروزہ کے آؤٹ ہوتے ہی گرین شرٹس اپنا مومنٹم برقرار نہ رکھ سکیں اور ان کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔ بھارتی باؤلر دیپتی شرما کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے پاکستانی مڈل آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا اور قومی ٹیم کی 6 بیٹرز ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہو سکیں۔ پوری پاکستانی ٹیم 17 ویں اوور میں 106 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس میں منیبہ علی 41 رنز بنا کر سب سے نمایاں بیٹر رہیں۔ بھارت کی دیپتی شرما نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز میں محض 10 رنز دے کر 5 اہم وکٹیں حاصل کیں۔
میچ کے آغاز پر ایک بار پھر روایتی حریفوں کے درمیان سرد مہری دیکھی گئی، جہاں دورانِ ٹاس بھارتی کپتان نے اسپورٹس مین اسپرٹ کے برعکس پاکستانی کپتان سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا اور ٹاس جیتنے کے بعد باقاعدہ انٹرویو دے کر سیدھی ڈریسنگ روم روانہ ہو گئیں۔
