کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات اختر فاروق نے امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور ضلع کی سرحدی و داخلی راستوں کی نگرانی کو مزید سخت کرنے کے لیے رحمن پور، اعوان شریف، چڑیاولہ اور گوٹریالہ میں قائم مختلف پولیس چیک پوسٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ اپنے اس اہم وزٹ کے دوران ڈی پی او گجرات نے چیک پوسٹس پر تعینات افسران اور جوانوں کی حاضری، سیکیورٹی کے مجموعی انتظامات اور ناکہ بندی کے طریقہ کار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
انہوں نے ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر وقت الرٹ رہیں اور علاقے میں داخل ہونے والے تمام مشتبہ افراد اور گاڑیوں کی مؤثر و جامع چیکنگ کو یقینی بنائیں، جبکہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں کسی بھی قسم کی سستی یا غفلت گزند پہنچا سکتی ہے جس کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس موقع پر ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور ضلع میں امنِ عامہ کا قیام گجرات پولیس کی اولین اور اہم ترین ترجیح ہے، اور اسی مقصد کے تحت ضلع بھر میں قائم تمام چیک پوسٹس پر سیکیورٹی اقدامات کو وقت کے تقاضوں کے مطابق مزید سخت اور مؤثر بنایا جا رہا ہے۔
