گلیانہ (انصر فاروق مغل) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات اختر فاروق نے عوام الناس کو انصاف کی فوری فراہمی کے لیے جامع مسجد شیخ محمد علی اور تھانہ صدر جلالپور جٹاں کے علاقے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جہاں معززینِ علاقہ اور شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد نے شرکت کر کے اپنے درپیش مسائل اور شکایات براہِ راست ڈی پی او کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او گجرات نے تمام سائلین کے مسائل کو انتہائی توجہ اور تفصیل سے سنا اور ان کے فوری، شفاف اور مؤثر حل کے لیے متعلقہ پولیس افسران کو موقع پر ہی ضروری اور سخت ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف فراہم کرنا اور پولیس و عوام کے درمیان باہمی اعتماد کے رشتے کو مضبوط بنانا گجرات پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے موقع پر موجود تمام ماتحت افسران کو سختی سے ہدایت کی کہ تھانہ کلچر کی تبدیلی اور عوامی شکایات کا میرٹ اور قانون کے مطابق مقررہ وقت کے اندر حل ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ مظلوم کی دادرسی ہو سکے۔
