سرائے عالمگیر (تحصیل رپورٹر)
پوران شریف، تحصیل سرائے عالمگیر، ایک ماڈرن اور ترقی یافتہ گاؤں ہے جہاں کے لوگ اپنی مہمان نوازی، اخلاص اور ملنساری کے باعث خاص پہچان رکھتے ہیں۔ اسی گاؤں کی معروف سماجی شخصیت اور "دخترِ پوران” کے لقب سے پہچانی جانے والی مسز زرقا حق قادریہ، چیئرپرسن مدینہ الغوث ریلیف یوکے، اور مدینہ الغوث ریلیف یوکے کی ٹیم نے گزشتہ روز 30 مستحق جوڑوں کی اجتماعی شادی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا۔
تقریب میں مستحق اور سفید پوش خاندانوں سے تعلق رکھنے والے دلہا اور دلہنوں کو جہیز کا ضروری سامان، گھریلو استعمال کی اشیاء اور مختلف تحائف فراہم کیے گئے تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز عزت اور سہولت کے ساتھ کر سکیں۔ تقریب میں معزز شخصیات، سماجی کارکنان اور اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مسز زرقا حق قادریہ نے کہا کہ معاشرے کے کمزور اور ضرورت مند طبقات کی مدد کرنا ہماری دینی، اخلاقی اور سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجتماعی شادیوں کے انعقاد سے نہ صرف غریب خاندانوں کا مالی بوجھ کم ہوتا ہے بلکہ معاشرے میں بھائی چارے، ہمدردی اور فلاحی جذبے کو بھی فروغ ملتا ہے۔
ڈاکٹر تصور حسین مرزا، کالم نگار، صدر اتفاق پریس کلب کھاریاں آف پوران، نے اپنے بیان میں واضح طور پر کہا کہ پوران شریف میں ہونے والی اجتماعی شادیوں کا کریڈٹ صرف اور صرف مسز زرقا حق قادریہ کو جاتا ہے، کیونکہ اس عظیم فلاحی منصوبے کا مکمل انتظام، منصوبہ بندی، مالی معاونت اور عملی نفاذ مدینہ الغوث ریلیف یوکے کے زیرِ اہتمام انجام پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسز زرقا حق قادریہ نے خدمتِ خلق کو اپنا مشن بنا رکھا ہے اور ہر سال درجنوں مستحق خاندانوں کی بیٹیوں کی باعزت رخصتی کا اہتمام کر کے انسان دوستی کی اعلیٰ مثال قائم کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر تصور حسین مرزا نے مزید کہا کہ پوران شریف کے عوام کو اپنی اس بیٹی پر فخر ہے جس نے اپنی فلاحی خدمات کے ذریعے نہ صرف اپنے گاؤں بلکہ پورے علاقے کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے مسز زرقا حق قادریہ اور مدینہ الغوث ریلیف یوکے کی پوری ٹیم کو اس کامیاب اور مثالی تقریب کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
تقریب میں شریک افراد نے مدینہ الغوث ریلیف یوکے اور مسز زرقا حق قادریہ کی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو انسان دوستی، خدمتِ خلق اور سماجی ذمہ داری کی بہترین مثال قرار دیا اور ان کی مزید کامیابیوں کے لیے دعا کی۔
