پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کا ایشین گیمز کے لیے کھلاڑیوں کو اپنے خرچے پر جانے کا حکم، ایتھلیٹس شدید پریشانی کا شکار

پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ٹی ایف) کی جانب سے ایشین گیمز میں شرکت کے حوالے سے کیے جانے والے ایک غیر معمولی اعلان نے ملکی کھلاڑیوں کو گہری تشویش اور پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ فیڈریشن نے کھلاڑیوں پر واضح کر دیا ہے کہ اگر وہ ان بین الاقوامی کھیلوں میں ملک کی نمائندگی کرنا چاہتے ہیں تو انہیں اپنے تمام تر سفری اور رہائشی اخراجات خود برداشت کرنا ہوں گے۔ اس سلسلے میں فیڈریشن نے ایشین گیمز کے لیے قومی ٹیم کے دو روزہ ٹرائلز کا انعقاد لاہور میں کیا ہے، جس کا کل آخری روز ہے، تاہم حیرت انگیز طور پر ان ٹرائلز میں حصہ لینے کے لیے ملک بھر سے آنے والے ایتھلیٹس کو کسی بھی قسم کا سفری یا روزانہ کا الاؤنس (ٹی اے، ڈی اے) فراہم نہیں کیا جا رہا۔

پی ٹی ٹی ایف کی جانب سے جاری کردہ باقاعدہ اعلامیے کے مطابق، ایشین گیمز کے لیے منتخب ہونے والے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو نہ صرف اپنے فضائی ٹکٹوں کا خرچہ خود اٹھانا پڑے گا بلکہ ایونٹ کے دوران روزانہ 50 ڈالرز کے حساب سے رہائش اور کھانے پینے (بورڈنگ اور لاجنگ) کے اخراجات بھی اپنی جیب سے ادا کرنے ہوں گے۔ فیڈریشن نے اس فیصلے کی وجہ بتاتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) کی جانب سے انہیں اس میگا ایونٹ کے لیے کسی قسم کی مالی معاونت حاصل نہیں ہو رہی اور نہ ہی بورڈ ایئر ٹکٹس سمیت دیگر انتظامات کے لیے کوئی اسپانسرشپ فراہم کر رہا ہے، جس کے باعث وہ یہ سخت قدم اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔

Exit mobile version