جون 14, 2026

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ؛ بلجیئم نے پاکستان کو ایک کے مقابلے میں سات گول سے شکست دے دی

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے ایک یکطرفہ مقابلے میں بلجیئم نے پاکستان ہاکی ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے ایک کے مقابلے میں سات گول کے بھاری مارجن سے پچھاڑ دیا ہے۔ بلجیئم کے بیلفوس ہاکی ایرینا میں کھیلے گئے اس میچ میں میزبان ٹیم نے کھیل کے آغاز سے ہی پاکستانی دفاع پر پے در پے حملے شروع کر دیے، جس کے نتیجے میں میچ کے محض تیسرے ہی منٹ میں بلجیئم کے نیلسن او نانا نے ایک شاندار فیلڈ گول داغ کر اپنی ٹیم کو ایک صفر کی برتری دلا دی جو پہلے کوارٹر کے اختتام تک برقرار رہی۔ کھیل کے دوسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت دفاع دیکھنے میں آیا اور کوئی بھی فریق گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا، یوں ہاف ٹائم تک میزبان ٹیم کو ایک صفر کی برتری حاصل تھی۔

میچ کے تیسرے کوارٹر کا آغاز گرین شرٹس کے لیے انتہائی سازگار رہا جب پاکستان کے رانا وحید نے ایک شاندار موو بناتے ہوئے گول اسکور کیا اور مقابلہ ایک ایک سے برابر کر دیا، تاہم یہ خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ اس گول کے جواب میں بلجیئم کے کھلاڑیوں نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور یکے بعد دیگرے مسلسل 6 گول داغ کر میچ کا فیصلہ سات ایک سے اپنے حق میں کر لیا۔ بلجیئم کی اس بڑی فتح میں ٹوبیاس بیکین نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو گول اسکور کیے۔ واضح رہے کہ پرو ہاکی لیگ میں پاکستانی ٹیم کا زوال برقرار ہے اور یہ ایونٹ میں اس کی مسلسل نویں شکست ہے، قومی ٹیم اب کل اپنے اگلے میچ میں اسپین کے خلاف میدان میں اترے گی۔