پاکستان فٹبال کے میدان سے ایک انتہائی بڑی اور تاریخی خوشخبری سامنے آئی ہے جہاں قومی فٹبال ٹیم کو پہلے افتتاحی ‘فیفا آسیان کپ’ میں شمولیت کے لیے باقاعدہ طور پر مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی (فیفا) کی جانب سے موصول ہونے والی اس باضابطہ دعوت کے بعد پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے بھی ایونٹ میں قومی ٹیم کی شرکت کی تصدیق کر دی ہے۔ یہ مایہ ناز ٹورنامنٹ رواں سال 21 ستمبر سے 6 اکتوبر تک انڈونیشیا کی میزبانی میں کھیلا جائے گا، جہاں پاکستان کو ڈویژن ون کے سخت مقابلوں میں روایتی حریف بھارت، میزبان انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ جیسی مضبوط ٹیموں کے چیلنج کا سامنا کرنا ہوگا۔
فٹبال کے پنڈتوں کی جانب سے اس ٹورنامنٹ کو ملکی فٹبال کی تاریخ میں ایک سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ یہ پہلا موقع ہوگا جب گرین شرٹس ورلڈ کپ یا ایشین کوالیفائرز کے روایتی مقابلوں سے ہٹ کر فیفا کے کسی اتنے بڑے بین الاقوامی ایونٹ کا حصہ بنیں گے۔ باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کو یہ اہم مقام دلوانے میں پی ایف ایف کے صدر محسن گیلانی کے فیفا کے اعلیٰ حکام کے ساتھ بہترین ذاتی و سفارتی روابط نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ کھیلوں کے ماہرین کے مطابق، اس قسم کے بڑے اور معیاری ایونٹ میں شرکت سے پاکستانی کھلاڑیوں کو عالمی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور بین الاقوامی تجربہ حاصل کرنے کا ایک سنہری موقع میسر آئے گا جو مستقبل میں ٹیم کی رینکنگ بہتر بنانے میں انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔





