یوفون کمپنی اور پی ٹی سی ایل گروپ کے وفد کا جامعہ کراچی کا دورہ

کراچی (رپورٹ: جاوید صدیقی) پاکستان کی معروف ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی یوفون اور پی ٹی سی ایل گروپ کے وفد نے بدھ کے روز جامعہ کراچی کا دورہ کیا۔ وفد نے جامعہ کراچی کی انتظامیہ سے ملاقات کی اور محققین، طلبہ، اساتذہ اور عملے کے لیے جدید ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی اور سہولیات کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پیش کیں۔ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے باہمی اتفاقِ رائے سے ان تجاویز پر پیش رفت جاری رکھنے اور آئندہ چند ہفتوں میں ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کرکے اس شراکت داری کو باضابطہ شکل دینے کا فیصلہ کیا۔ جامعہ کراچی کی انتظامیہ نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ صنعت اور جامعات کے درمیان مضبوط روابط طلبہ کو بااختیار بنانے، تحقیق کو فروغ دینے اور جامعہ کو ڈیجیٹل طور پر مربوط مرکز میں تبدیل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس فیصلے کے ساتھ جامعہ کراچی نے جدت اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اور اہم قدم اٹھایا ہے۔ یوفون کو بطور کنیکٹیویٹی پارٹنر خوش آمدید کہتے ہوئے جامعہ کراچی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس شراکت داری کے ذریعے طلبہ، اساتذہ اور محققین کے لیے جدید ڈیجیٹل سہولیات اور نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے جبکہ صنعت اور جامعات کے روابط کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے کہا کہ اس نوعیت کی شراکت داریاں تعلیمی سرگرمیوں اور صنعتی تقاضوں کے درمیان موجود خلا کو کم کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی فراہم کرنے والے اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے ہم اپنے طلبہ کو عملی تجربات سے آراستہ کرسکتے ہیں، تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرسکتے ہیں اور جامعہ کراچی کو ڈیجیٹل جدت طرازی کا ایک فعال مرکز بنا سکتے ہیں۔اس موقع پر پی ٹی سی ایل بزنس سلوشنز کے چیف بزنس سلوشنز آفیسر آصف احمد نے، جو پی ٹی سی ایل اور یوفون کی مشترکہ کاروباری خدمات کے شعبے کی سربراہی بھی کرتے ہیں، جامعہ کراچی میں ایک جدید اور ڈیجیٹل طور پر مربوط ماحول کے قیام کے لیے اپنے ادارے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ یوفون اپنے وسیع تر وژن کے تحت ملک بھر کی جامعات اور مختلف اداروں کے ساتھ مل کر علم کی منتقلی، باہمی تعاون اور جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔آصف احمد نے مزید کہا کہ اب یہ سہولیات جامعہ کراچی تک بھی توسیع دی جا رہی ہیں تاکہ جامعہ کے تعلیمی ماحول کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور یونیورسٹی برادری کو بلاتعطل کنیکٹیویٹی فراہم کی جا سکے۔بطور کنیکٹیویٹی پارٹنر خدمات کی فراہمی کے علاوہ یوفون نے جامعہ کراچی کے طلبہ، اساتذہ، افسران اور ملازمین کے لیے خصوصی سہولیات متعارف کرانے کا بھی اعلان کیا۔ ان سہولیات، بشمول رعایتی ٹیرف پیکجز، کی تفصیلات آئندہ چند ہفتوں میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے موقع پر جاری کی جائیں گی۔اس منصوبے کے فوکل پرسن اور جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ایوننگ پروگرامز پروفیسر ڈاکٹر شبیب الحسن نے کہا کہ یہ اشتراک جامعہ کراچی اور اس کے صنعتی شراکت داروں کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتوں اور وسائل سے لیس کرنا ہے۔ ساتھ ہی جامعہ کراچی کے تحقیق، تعلیم اور جدت کے مرکزِ امتیاز کے کردار کو مزید مضبوط بنانا بھی اس تعاون کا اہم ہدف ہے۔اس موقع پر جامعہ کراچی کے رجسٹرارپروفیسرڈاکٹر عمران احمد صدیقی،ناظم مالیات جامعہ کراچی سید جہانزیب،مشیر امورطلبہ ڈاکٹرنوشین رضا،اسٹیٹ آفیسرنورین شارق،انجینئر اشفاق خانزادہ، بشارت قریشی، قاسم رضوی ، عدنان وحید، اطہر شمیم ،علی اکبر ودیگر بھی موجود تھے۔

Exit mobile version