سعودی ہیریٹیج کمیشن نے مدینہ منورہ کے المہد گورنریٹ میں آثارِ قدیمہ کے سروے کے دوسرے مرحلے کے کامیاب اختتام کا اعلان کیا ہے، جس کے دوران 1774 اہم تاریخی دریافتیں سامنے آئی ہیں۔ یہ سروے السویریقیہ، المویہیہ اور حضہ کے علاقوں میں مکمل کیا گیا، جہاں 156 نئے آثارِ قدیمہ کے مقامات کی نشاندہی کی گئی۔ ان دریافتوں میں 461 اسلامی کتبے، 34 ثمودی کتبے، چٹانوں پر بنے 1259 نقوش، 11 پتھریلے ڈھانچے، 3 تاریخی محلات، قدیم تجارتی قافلوں کے 2 راستے اور 4 تاریخی کنویں شامل ہیں۔
اس سروے کی سب سے نمایاں دریافت خلیفہ دوم حضرت عمر فاروقؓ کے نام مبارک پر مشتمل کتبہ ہے۔ اس کے علاوہ چٹانوں پر کندہ عربی شاعری کے نقوش بھی ملے ہیں، جو اس خطے کی قدیم تہذیبی و ادبی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں۔ سعودی ہیریٹیج کمیشن نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ ‘سعودی وژن 2030’ کے تحت ملک بھر میں تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کا عمل جاری رہے گا تاکہ آنے والی نسلیں اپنی شاندار تاریخ سے جڑی رہ سکیں۔
