کولیاں روڈ کی ناقص تعمیر اور اونچے لیول سے سیوریج کے سنگین مسائل جنم لیں گے: امیر جماعت اسلامی ڈنگہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس کا انتباہ

امیر جماعت اسلامی ڈنگہ شہر و سربراہ ‘ڈنگہ کو حق دو تحریک’ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے ایک اہم پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کولیاں روڈ کی ناقص تعمیر اور اس کے غیر متوازن لیول پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر درست لیول کے مطابق اور معیاری کی جائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے تفصيلات بتاتے ہوئے کہا کہ کولیاں روڈ کا لیول واضح طور پر تھانہ روڈ سے اونچا رکھا جا رہا ہے، چونکہ یہ ایک ہی روڈ ہے اس لیے اس اونچے نیچے لیول کی وجہ سے مستقبل میں سیوریج کے شدید مسائل پیدا ہوں گے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ جلدی میں کام مکمل کرنے کے لیے پرانی سڑک کے اوپر مزید ملبہ ڈال کر ایک فٹ سے زائد اونچا کنکریٹ ڈالا جا رہا ہے جو کہ صریحاً ناقص تعمیر ہے، جبکہ گزشتہ مہینوں کے دوران انتقامی کارروائی کے طور پر جن مارکیٹوں کے آگے گڑھے کھودے گئے تھے وہاں مسلسل پانی کھڑا رہنے سے زمین انتہائی نرم ہو چکی ہے اور اب ان گڑھوں میں مناسب مٹی دباؤ کے بغیر مٹی اور ملبہ ڈال کر فورا کنکریٹ ڈالا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں یہ سڑک بھاری ٹریفک کا بوجھ بالکل نہیں اٹھا سکے گی۔ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ سڑک کی تعمیر میں اس کے اپنے لیول کے ساتھ ساتھ پورے شہر کے لیول کا بھی خاص خیال رکھا جائے اور عوامی پیسے کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے سڑک کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

Exit mobile version