کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل کی زیرِ صدارت لالہ موسیٰ میں محرم الحرام کے انتظامات اور سیکیورٹی کو فول پروف بنانے کے حوالے سے ایک اہم رابطہ اجلاس منعقد ہوا۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایس ایچ او سٹی، موٹر وے پولیس کے نمائندگان، تمام متعلقہ محکموں کے سرکاری افسران اور محرم الحرام کے جلوسوں کے منتظمین نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران محرم الحرام کے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کے روٹس کا مشترکہ اور تفصیلی معائنہ کیا گیا، جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سڑکوں کی بندش، متبادل ٹریفک روٹس اور ڈائیورژن پلانز کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ٹریفک کی بلاتعطل روانی، سیکیورٹی کے سخت ترین اقدامات، عوامی تحفظ اور تمام جلوسوں کے پُرامن انعقاد کے لیے ضروری و ہنگامی انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ محرم الحرام کی آمد سے قبل تمام تر انتظامات اور صفائی ستھرائی کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے اور امن و امان کی صورتحال مثالی رہے۔ اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ، پنجاب پولیس، موٹروے پولیس اور تمام اسٹیک ہولڈرز باہمی تعاون اور بہترین کوآرڈینیشن سے محرم الحرام کے دوران امن و اخوت کی فضا کو یقینی بنائیں گے۔
