کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) گجرات، اختر فاروق نے سٹی سرکل کے پولیس افسران کے ساتھ ایک اہم کرائم میٹنگ کی صدارت کی۔ اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں ڈی ایس پی سٹی سرکل اور سرکل کے تمام متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈی پی او گجرات نے سٹی سرکل میں تعینات افسران کی مجموعی کارکردگی، علاقے میں جرائم کی حالیہ صورتحال اور تھانوں میں زیرِ تفتیش مقدمات کی پیش رفت کا تفصیلی اور مرحلہ وار جائزہ لیا۔
ڈی پی او اختر فاروق نے افسران کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے انہیں سخت ہدایات جاری کیں کہ سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جرائم پیشہ عناصر اور اشتہاری ملزمان کے خلاف مؤثر اور ٹارگٹڈ کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ضلع بھر میں امن و امان کی فضا برقرار رہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی شکایات پر فوری ایکشن لینے پر بھی زور دیا۔
