کھاریاں میں شدید عوامی احتجاج: مجاہد اور محمدی کالونی کا واحد راستہ دیوار کھڑی کر کے بند، سینکڑوں شہری محصور، ضلعی انتظامیہ سے فوری نوٹس کا مطالبہ

کھاریاں(بیوروچیف ) کھاریاں کے گنجان آباد علاقوں محلہ مجاہد کالونی اور محمدی کالونی کے مکین اپنے واحد راستے کی اچانک بندش کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے اور شدید احتجاج ریکارڈ کروایا۔ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، تحصیل انتظامیہ، میونسپل حکام اور دیگر متعلقہ اداروں سے اس سنگین صورتحال پر فوری قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اہل علاقہ کے مطابق تقریباً پانچ روز قبل رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے 100 سے زائد گھروں کو ملانے والی واحد گزرگاہ پر بڑے بڑے کنکریٹ بلاکس نصب کر دیے گئے اور بلند دیوار تعمیر کر کے اسے مکمل طور پر بند کر دیا گیا، جس کے باعث سینکڑوں شہریوں کی روزمرہ زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ راستے کی بندش سے اسکول و کالج کے طلبہ، بزرگ، خواتین، مریض اور ملازمت پیشہ افراد شدید ترین مشکلات کا شکار ہیں۔

اہلیانِ محلہ کی نمائندگی کرتے ہوئے شبیر رحمانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ راستے کی غیر قانونی بندش نے علاقہ مکینوں کو عملاً اپنے ہی گھروں میں محصور کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید افسوسناک انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ گزشتہ روز جب مکینوں نے راستہ کھلوانے اور اپنے بنیادی حق کے لیے آواز اٹھائی تو بعض بااثر افراد کی جانب سے ان کے ساتھ بدتمیزی کی گئی، کپڑے پھاڑے گئے اور خواتین کے لیے نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے۔ اس کے علاوہ متعدد مکینوں کو سنگین دھمکیاں دینے اور تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش بھی کی گئی۔

شبیر رحمانی کا کہنا تھا کہ راستہ کسی بھی آبادی کی بنیادی ضرورت ہے اور شہریوں کو ان کی واحد راہگزر سے محروم کرنا انسانی، سماجی اور شہری حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر موقع کا معائنہ کر کے تمام حقائق کی شفاف تحقیقات کروائے، ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور عوام کے لیے راستہ فوری بحال کر کے مستقل راہگزر کو یقینی بنایا جائے۔ اہل علاقہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر ان کے جائز مطالبات پر فوری کان نہ دھرے گئے تو وہ اپنے آئینی اور قانونی حقوق کے لیے پرامن احتجاج کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔

Exit mobile version