کھاریاں ( قاری نصیر احمد کلیار ) کھاریاں کے علاقے لالہ موسیٰ میں علی چک پھاٹک کے قریب دیرینہ دشمنی کے نتیجے میں عدالت سے واپسی پر مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل اور دوسرے کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق چک رجاری کے رہائشی 65 سالہ منور حسین اور 60 سالہ امتیاز یعقوب عدالت میں پیشی بھگتنے کے بعد واپس اپنے گھر جا رہے تھے کہ راستے میں گھات لگائے نامعلوم مسلح افراد نے ان پر گولیوں کی بوچھاڑ کر دی۔ فائرنگ کے اس ہولناک واقعے کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
فائرنگ کے نتیجے میں دونوں افراد شدید زخمی ہوئے، تاہم 65 سالہ منور حسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا شخص امتیاز یعقوب شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو الیون ٹو ٹو کی ٹیم نے فوری پہنچ کر زخمی امتیاز کو، جسے کمر پر گولیاں لگی ہیں، ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے ٹراما سینٹر لالہ موسیٰ منتقل کر دیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور شواہد اکٹھے کرنے کے لیے فرانزک ٹیم کا انتظار کیا جا رہا ہے، جبکہ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
