پاکستان فٹبال ٹیم کی تاریخی کامیابی، افغانستان کو ہرا کر 35 برس بعد انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کے فائنل میں کوالیفائی کر لیا

پاکستان نے مالدیپ میں ہونے والے ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔ گرین شرٹس نے اتوار کو اپنے آخری راؤنڈ رابن میچ میں افغانستان کو 0-2 سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور 35 برس بعد کسی سینئر بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنالی، جہاں پاکستان کی جانب سے عمر نواز اور ہارون حامد نے گول اسکور کیے۔ اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے چار ملکی ایونٹ میں اپنے تین میچوں میں سے دو جیت کر فائنل تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ یہ پاکستان کی سینئر مینز فٹبال ٹیم کا 1991 کے ساؤتھ ایشین فیڈریشن (سیف) گیمز کے بعد پہلا بین الاقوامی فائنل ہوگا اور اس کے ساتھ ہی پاکستان 1962 کے مردیکا ٹورنامنٹ کے بعد پہلی مرتبہ کسی آزاد یا اسٹینڈ الون بین الاقوامی فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچا ہے، واضح رہے کہ 1962 میں پاکستان نے مردیکا ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنائی تھی جہاں اسے انڈونیشیا کے ہاتھوں 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مالدیپ کے خلاف 0-3 کی یادگار کامیابی کے بعد پاکستان کو فائنل میں رسائی کے لیے اتوار کو صرف ایک ڈرا درکار تھا، تاہم کوچ نولبرٹو سولانو کی ٹیم نے مثبت انداز اپناتے ہوئے ابتدا ہی سے حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔ پاکستان کو میچ کے پانچویں منٹ میں برتری حاصل ہوئی جب شائق دوست کی جانب سے دی گئی شاندار کراس پر عمر نواز نے ایک ٹچ میں گیند کو جال کی راہ دکھا دی، جس کے بعد پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور افغانستان کو واضح مواقع پیدا کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔ پاکستان نے پہلے ہاف میں مزید مواقع بھی بنائے جہاں اوٹس خان کے پاس پر عیسیٰ سلیمان گول کرنے کے قریب پہنچے لیکن ان کی کوشش بار کے اوپر سے گزر گئی، جبکہ افغانستان کو پہلے ہاف کے اضافی وقت میں برابر کرنے کا سنہری موقع ملا جب کپتان امید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی۔

دوسرے ہاف میں افغانستان نے کم بیک کی کوشش کی لیکن پاکستان ٹیم کا دفاع منظم رہا، دوسری جانب پاکستان نے جوابی حملوں میں اضافہ کیا اور ایک موقع پر شائق دوست کی خوبصورت پاس پر علی آغا گول کرنے کی پوزیشن میں آئے مگر ان کی شاٹ ہدف سے باہر چلی گئی۔ میچ کے اختتامی لمحات میں پاکستان نے کامیابی پر اس وقت مہر ثبت کر دی جب انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں ہارون حامد دفاعی کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے گول کی جانب بڑھے اور زور دار شاٹ کے ذریعے پاکستان کی برتری دگنی کر دی۔ فیصلہ کن سیٹی بجتے ہی پاکستانی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے تاریخی کامیابی کا جشن منایا، یہ کامیابی قومی ٹیم کی حالیہ پیش رفت کا ایک اور اہم سنگ میل ہے جس نے چند روز قبل مالدیپ کے خلاف 961 دن بعد اپنی پہلی بین الاقوامی فتح حاصل کی تھی، اب پاکستان 10 جون کو کھیلے جانے والے فائنل میں بنگلا دیش یا افغانستان میں سے کسی ایک کا سامنا کرے گا۔

Exit mobile version