پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن ہمارے تحفظات پر فوری ایکشن لے۔ گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات پر ردعمل میں قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنوں کو دور منتقل کرکے ہمارا ووٹ بینک متاثر کیا گیا جبکہ بعض پولنگ اسٹیشنوں پر عملہ تاخیر سے پہنچا، انہوں نے مزید کہا کہ انتخابی عمل کو جان بوجھ کر سست روی کا شکار کرنا منصفانہ الیکشن پر سوالیہ نشان ہے اور انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن ہمارے تحفظات پر فوری ایکشن لے کیونکہ جب تک تمام ووٹ کاسٹ نہ ہوجائیں انتخابی عملے کو جانے نہیں دیں گے۔ دوسری جانب پیپلزپارٹی کے سکریٹری جنرل نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پیپلزپارٹی کو فارم 45 فراہم نہیں کیے جارہے جس پر انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے رابطہ کرکے معاملے سے متعلق آگاہ کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پرامن ماحول میں ہوئے، اب ماحول خراب نہ کیا جائے اور الیکشن کمیشن کو فوری طور پر اپنا کردار ادا کرنا چاہیے جبکہ انہوں نے الزام عائد کیا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات پرامن ہوگئے لیکن فارم 45 نہیں دیے جارہے جس سے یہ نتائج تبدیل کرنا چاہتے ہیں، لہٰذا پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 دیے جائیں کیونکہ پریزائیڈنگ افسران کچی پینسل کے نتائج دے رہے ہیں جو غیر قانونی ہیں اور کچھ عناصر انتخابات کو داغدار کرنا چاہتے ہیں۔ اسی سلسلے میں جیو نیوز سے گفتگو میں پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی کا آغاز کردیا گیا ہے، گلگت بلتستان میں ہمارے نمائندوں کو فارم 45 نہیں دیے جارہے حالانکہ شفاف انتخابات آئینی ذمہ داری ہے اور پیپلزپارٹی شفافیت پر یقین رکھتی ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ گلگت بلتستان سے پیپلزپارٹی رہنماؤں کی شکایات آرہی ہیں کہ وہاں منظم دھاندلی ہو رہی ہے۔
گلگت بلتستان میں پولنگ اسٹیشنوں کو دور منتقل کرکے ہمارا ووٹ بینک متاثر کیا گیا: قمر زمان کائرہ
